حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں موجود نیوز ذرائع نے صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مسلسل شدید بمباری کی خبر دی ہے۔
الجزیرہ نے گزشتہ رات کے حملوں کی شدت کے بارے میں بتاتے ہوئے الشفاء ہسپتال اور انڈونیشیائی ہسپتال کے قریب کے علاقوں پر بمباری کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع برج کیمپ پر بمباری کا اعلان کیا۔
غزہ میں اپنے نامہ نگاروں کے الفاظ کے مطابق این بی سی نیوز کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے زخمیوں کو طبی مراکز اور ہسپتالوں میں لے جا رہے ہیں، اور ایمبولینسیں غزہ کی سڑکوں سے گزرنے کی ہمت نہیں کر پا رہی ہیں۔
اسی دوران الجزیرہ نیٹ ورک نے غزہ کی پٹی کے مشرق کے مختلف علاقوں میں مزاحمتی فورسز اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپوں اور فائرنگ کی اطلاع دی، بعض صیہونی اور امریکی حکام نے غزہ کی پٹی کے اندر کے علاقوں میں صیہونی حکومت کے متعدد ٹینکوں اور فوجیوں کی آمد کے بارے میں بتایا ہے۔
اس کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی ذرائع نے المیادین کو بتایا کہ دشمن ہٹ اینڈ رن موڈ (مارو اور فرار کر جاؤ) میں ہے اور وہ شمال مشرق، شمال مغرب اور برج کے مرکز کے اہم آپریشن والے علاقوں میں اپنی کسی بھی قوت کو مستحکم نہیں کر سکا ہے۔
دوسری جانب عزالدین القسام بٹالین نے مقبوضہ علاقوں کے جنوب میں سدروت اور اشداد شہروں میں راکٹوں کی بارش کی اطلاع دی ہے۔